اسپیشل کورٹ سینٹرل لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ان کی غیر حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
کیس کی سماعت اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج عارف خان نیازی نے کی، جس میں چوہدری پرویز الہٰی، ان کے خاندان کے دیگر افراد اور شریک ملزمان کے خلاف کارروائی ہوئی۔عدالت کے روبرو پرویز الہٰی کے وکیل نے ایک پیشی کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، تاہم عدالت نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ملزم کی مسلسل غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔جج عارف خان نیازی نے ریمارکس دیے کہ ملزمان بار بار عدالتی کارروائی سے غیر حاضر رہ کر کیس میں تاخیر پیدا کر رہے ہیں، جو ناقابلِ قبول ہے۔ اس پر عدالت نے پرویز الہٰی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔یاد رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی پر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیسز زیرِ سماعت ہیں، جبکہ اس سے قبل بھی وہ کئی بار عدالت میں پیشی سے استثنیٰ مانگ چکے ہیں۔