چودھری پرویز الہٰی کی منی لانڈرنگ کیس میں حاضری معافی کی درخواست منظور

چودھری پرویز الہٰی کی منی لانڈرنگ کیس میں حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران پرویز الہٰی کے وکلا کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔ سپیشل جج سینٹرل تنویر احمد شیخ نے پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ "بہت مشکل کے ساتھ آج حاضری معافی کی درخواست منظور کر رہا ہوں، آئندہ سماعت پر اگر ملزم پیش نہ ہوا تو یہ ریلیف نہیں ملے گا۔"اس کیس میں مونس الہٰی اور دیگر افراد بھی شریک ملزمان ہیں۔ سماعت کے دوران مونس الہٰی کے شریک ملزم ضیغم عباس کی حاضری معافی کی درخواست پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر ایاز بٹ نے دلائل دیے کہ "ضیغم عباس ملک سے باہر ہے اور اب تک ایک مرتبہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا، اسے ایک بار عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔"

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ "مفرور ملزم کی حاضری معافی کی درخواست دائر نہیں کی جا سکتی، مفرور ملزم اپنا وکیل بھی پیش نہیں کر سکتا، اور اسے کوئی ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔" عدالت سے استدعا کی گئی کہ ضیغم عباس کی حاضری معافی کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔اس معاملے کی مزید سماعت آئندہ تاریخ کو ہوگی۔