اسلام آباد (ویب ڈیسک) : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو محفوظ اور سرسبز بنانے کے لیے فیصلہ کن انداز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔
مون سون شجر کاری مہم کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ شجر کاری پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اگست سے اکتوبر کے دوران پورے ملک میں چار کروڑ دس لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ درخت ماحول کے لیے زندگی کی علامت اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف سب سے مضبوط ڈھال ہیں۔ جنگلات کی کٹائی، درجہ حرارت میں اضافہ اور بار بار آنے والے سیلاب لاکھوں زندگیاں متاثر کر رہے ہیں، اس لیے جنگلات کے تحفظ اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابوں نے ملک میں تباہی مچائی، ایسے میں ہمیں “گرین پاکستان پروگرام” کو کامیاب بنانا ہوگا۔ صدرِ مملکت نے نوجوانوں، کسانوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور علماء پر زور دیا کہ وہ عوام کو اس قومی مقصد کے لیے متحرک کریں تاکہ شجر کاری کو ایک ملک گیر تحریک بنایا جا سکے۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہر لگایا گیا درخت آئندہ نسلوں کے لیے زندگی کا ذریعہ اور قدرتی آفات کے خلاف ڈھال ثابت ہوگا۔