صدر مملکت آصف علی زرداری کا قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ کا عزم

صدر مملکت آصف علی زرداری کا قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ کا عزم

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

 انہوں نے اپنے بیان میں قطر کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی و قطری عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دیرپا برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امیرِ قطر کی قیادت میں قطر نے نمایاں ترقی اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے اور عالمی سطح پر قطر کا مثبت کردار قابلِ تحسین ہے، اور پاکستان قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ توانائی، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے عوامی روابط اور افرادی قوت ان تعلقات کی بنیاد ہیں، اور انہوں نے پاکستان اور قطر کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔