ویب ڈیسک: عدالت نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ڈکی بھائی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے مؤقف اختیار کیا کہ مزید تفتیش کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ عدالت نے مؤقف سننے کے بعد ڈکی بھائی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور انہیں 19 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
ڈکی بھائی کی جانب سے ان کے وکیل زین علی قریشی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور کیس میں دلائل دیے۔یاد رہے کہ اس سے قبل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ انہیں گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بیرون ملک سے پاکستان پہنچے۔ حکام کے مطابق ڈکی بھائی کا نام پی این آئی ایل (Provisional National Identification List) میں شامل تھا، جس کے باعث انہیں ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا۔