ویب ڈیسک: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ویٹی کن سٹی میں اپنے ہفتہ وار دعائیہ خطاب کے دوران پوپ لیو نے کہا کہ پاکستان، بھارت اور نیپال میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بے شمار خاندان متاثر ہوئے ہیں، اور وہ تمام متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعا گو ہیں۔انہوں نے کہا کہ "ہم ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو اس قدرتی آفت کی وجہ سے مشکلات اور تکالیف کا سامنا کر رہے ہیں۔ میری دعائیں سیلاب میں جان سے جانے والوں کے لیے، زخمیوں کے لیے اور اُن خاندانوں کے لیے ہیں جو اس کڑے وقت سے گزر رہے ہیں۔"
پوپ لیو نے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے آگے آئیں تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کے مختلف صوبوں کے ساتھ ساتھ بھارت اور نیپال میں بھی شدید بارشوں اور سیلاب نے درجنوں جانیں لے لی ہیں اور ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں۔