کینٹ پولیس کی کارروائی، ریکارڈ یافتہ دو منشیات فروش گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ کیپٹن(ر) قاضی علی رضا کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں چوکی انچارج پنجاب سوسائٹی ایس آئی عمران اظہر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دوران چیکنگ ریکارڈ یافتہ 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت صدیق اور اسلم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے ڈھائی کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی گئی جبکہ ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں، ہوسٹلز اور کالجز کے اطراف میں نوجوان نسل کو منشیات فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔ ایس پی کینٹ کیپٹن(ر) قاضی علی رضا نے چوکی انچارج پنجاب سوسائٹی ایس آئی عمران اظہر اور ان کی ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل اور طلباء  کے مستقبل کو تباہ کرنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جاسکے۔