کینٹ پولیس کی کارروائی، تین منشیات فروش گرفتار

 گرفتار ملزمان کے قبضے سے چرس بر آمد، آن لائن فروخت کے شبہے میں مزید کارروائیاں جاری
 لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کی خصوصی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈا ئون جاری ہے۔ ایس ایچ او فیکٹری ایریا اشفاق خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تین منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران دو غیر ملکی باشندوں سمیت تین منشیات فروش گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان میں ایمانول چیانسو، ایمیکا عمانول اور جاوید شامل ہیں۔ پولیس نے ایمانول چیانسو اور ایمیکا عمانول کے قبضے سے اڑھائی کلوگرام سے زائد چرس جبکہ جاوید کے قبضے سے 1460 گرام چرس بر آمد کر لی۔ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق ملزمان آن لائن ذرائع سے علاقہ غیر سے منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیشی ٹیموں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او فیکٹری ایریا اشفاق خان اور ان کی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے شہری لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔