کومبنگ آپریشنز، 42 مشکوک دھر لئے

 24 گھنٹوں کے دوران 447 کومبنگ آپریشنز ،13 ہزار 660 افراد کی چیکنگ 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 447 کومبنگ آپریشنز میں 13 ہزار 660 سے زائد مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی اور 42 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 25 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز میں 2830 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ اور 2 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران 322 اشتہاری، 141 عدالتی مفرور اور 92 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا۔ جرائم پیشہ عناصر کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ترجمان کے مطابق 6 مجرمان کیفر کردار کو پہنچے جبکہ 9 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے محاسبے کے لیے سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔