لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں ڈولفن سکواڈ کی 24/7 سنیپ چیکنگ اور پٹرولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران اشتہاریوں، عدالتی مفروران اور عادی مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 556 ملزمان کو گرفتار کیا جن میں 37 اشتہاری، 392 ریکارڈ یافتہ اور 107 عادی مجرم شامل ہیں۔ اسی طرح مختلف زیر سماعت مقدمات میں مطلوب 19 عدالتی مفروران کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان پر سنگین نوعیت کے جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ ڈولفن سکواڈ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی کا استعمال کیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے ڈولفن سکواڈ ہر وقت الرٹ ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا