پولیس نے 72 گھنٹوں میں آئس اور شراب کی بڑی مقدار برآمد کرلی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر) کوٹ لکھپت پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 72 گھنٹوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو دوران پٹرولنگ اور خفیہ اطلاع پر حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کی شناخت ساحل، عدیل، کاشان اور جوزی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 370 گرام آئس اور 10 لیٹر شراب برآمد کرلی گئی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے سپیشل کارروائیاں جاری ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کو ہرگز رعایت نہیں دی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کے ساتھ ساتھ نگرانی کے نظام کو مزید سخت کیا جارہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کی نشاندہی میں پولیس کا ساتھ دیں تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جاسکے۔