خواتین سے پرس چھیننے والا گینگ گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والے گینگ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ناصر اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے جنہوں نے حالیہ دنوں میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل، زیورات، نقدی، موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔ 10 روز قبل شاہدرہ کے علاقے میں ایک خاتون سے واردات کے دوران ملزمان موبائل فون اور پرس چھین کر فرار ہوگئے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا گیا جس کی مدد سے ان کی شناخت ممکن ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔