خواتین سے پرس اور موبائل چھیننے والا گروہ پکڑا گیا

 فوٹیج کی مدد سے ضلع قصور سے ملزم گرفتار، چھینا گیا سامان برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) کوٹ لکھپت پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے راہگیر خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ایس ایچ او کوٹ لکھپت نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ضلع قصور سے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ ملزمان راہ چلتی خواتین سے پرس اور موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو ایک خاتون کا پرس چھین کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے عید کے روز ایک نجی سوسائٹی میں بھی خاتون سے پرس چھیننے کی واردات کی تھی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق گرفتار ملزمان اب تک درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ پولیس نے گرفتار گروہ سے چھینے گئے چار موبائل فون، نقدی اور ایک پستول برآمد کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان عاصم اور ناصر چوری، ڈکیتی اور سنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ ایس پی اسد علی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اور پٹرولنگ مزید بڑھا دی گئی ہے۔