کاہنہ، ڈولفن ٹیم کی کارروائی میں پرس چھیننے والا گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) کاہنہ کے علاقے میں ڈولفن سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون سے پرس چھیننے کی واردات ناکام بنا دی اور ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ٹیم نے موقع پر سنیچنگ کی کوشش کرنے والے ایک ملزم کو دھر لیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملزمان خاتون سے موبائل فون، پرس اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ ڈولفن اہلکاروں نے تعاقب کرتے ہوئے ویلنشیا ٹاؤن کے قریب ملزم کو راؤنڈ اپ کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے چھینا گیا پرس اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت اشفاق کے نام سے ہوئی ہے جسے مزید تفتیش کے لیے چوکی ہلوکی کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کا کہنا ہے کہ ڈولفن سکواڈ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مستعد ہے اور کسی بھی واردات کی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے گشت میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔