جرمنی کی ٹرمپ، پیوٹن، زیلنسکی کی سربراہی یورپ میں اجلاس کی تجویز

برلن (آئی این پی )جرمنی نے  عندیہ  دیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تجویز کردہ 3 فریقی اجلاس یورپ میں منعقد کیا جا سکتا ہے، جس میں یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن بھی شامل ہوں گے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے ٹی وی نیٹ ورکس این ٹی وی اور آر ٹی ایل کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے میرا خیال ہے کہ ایسا ایک 3 فریقی اجلاس جلد منعقد ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تجویز دی ہے کہ یہ اجلاس یورپ میں کسی مقام پر منعقد کیا جائے تاہم اس حوالے سے تاریخ اور مقام کا ابھی تعین ہونا باقی ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز الاسکا میں روسی صدر پیوٹن کے ساتھ یوکرین پر مذاکرات کے بعد کہا تھا کہ وہ اور یورپی رہنما چاہتے ہیں کہ ایک اور اجلاس ہو، جس یوکرینی صدر زیلنسکی بھی میز پر موجود ہوں۔