وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ یورپ و امریکہ میں تبدیلی، جرمنی کا دورہ منسوخ

 وزیراعظم اب صرف آسٹریا کا دورہ کریں گے، 15 اور 16 فروری کو ویانا میں آسٹرین قیادت سے ملاقاتیں اور دوطرفہ بات چیت کریں گے
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ بیرونِ ملک دورے کے پروگرام میں اہم تبدیلی کر دی گئی ہے اور وہ اب جرمنی میں ہونے والی میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی 12 سے 15 فروری تک میونخ میں شرکت متوقع تھی، تاہم شیڈول میں رد و بدل کے بعد جرمنی کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اب صرف آسٹریا کا دورہ کریں گے جہاں وہ 15 اور 16 فروری کو ویانا میں آسٹرین قیادت سے ملاقاتیں اور دوطرفہ بات چیت کریں گے۔ اس دورے کو مکمل طور پر دوطرفہ قرار دیا جا رہا ہے جس میں باہمی تعاون، اقتصادی روابط اور علاقائی امور زیر بحث آئیں گے۔سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ویانا سے وزیراعظم دو روزہ نجی دورے پر لندن جائیں گے، جہاں قیام کے بعد وہ 18 فروری کو واشنگٹن کے لیے روانہ ہوں گے۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم 19 فروری کو واشنگٹن میں بورڈ آف پیس کی نشست میں شرکت کریں گے جبکہ 20 فروری کو امریکی صدر سے ان کی دوطرفہ ملاقات کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ شخصیات اور حکام پر مشتمل ایک وفد بھی ہوگا جو مختلف ملاقاتوں اور سفارتی سرگرمیوں میں شریک ہوگا۔