قیمتی جواہرات کی دکان پر چوری نے پولیس اور سٹور کے عملے کو ہلا کر رکھ دیا
ڈاکو خودکار شیشے کے دروازے کو توڑ کرداخل ہوئے،عملے کو چارجنگ پستول سے دھمکایا
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا کے شہر ویسٹ سیئٹل میں قیمتی جواہرات کی دکان پرکی چوری نے پولیس اور سٹور کے عملے کو ہلا کر رکھ دیا۔ ڈاکو 90 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں تقریبا 2 ملین ڈالر مالیت کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے جس کی فوٹیجز بھی سامنے آگئی۔ عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیئٹل پولیس نے بتایا کہ ڈاکو جیولری شاپ کے خودکار شیشے کے دروازے کو توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں چار نقاب پوش ملزمان کو ہتھوڑوں کی مدد سے سٹور کے شیشے کا دروازہ توڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ڈاکوئو ں نے سٹور کے عملے کو بیئر اسپرے اور چارجنگ پستول سے دھمکایا اور ہتھوڑوں سے ریکس اور الماریوں کے شیشے توڑے۔ پولیس نے بتایا کہ ڈسپلے میں رکھے قیمتی جواہرات، مہنگی گھڑیاں اور نوادارات کو لوٹ لیا۔ صرف رولیکس گھڑیوں کی مالیت ہی 750,000 ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ایک نقاب پوش ملزم نے سٹور کے عملے کو ریچھ بھگانے والے اسپرے اور ٹیزر سے دھمکایا، لیکن خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔