پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس بکتر کے قریب دھما کہ ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق لکی مروت میں میانوالی سڑک پر تھانہ صدر کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، پولیس اہلکار محفوظ رہے، گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ بم کا ہے، اس سے پہلے بھی اسی علاقے میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر کئی حملے ہوئے۔دوسری جانب بنوں کے تھانہ ہوید پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق دہشتگردوں نے تھانے پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے اہلِ علاقہ کیساتھ مل کر حملہ ناکام بنایا۔ڈی پی او سلیم عباس کا کہنا ہے کہ پولیس اور اہل علاقہ کی بھر پور جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے، دہشتگردوں کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔