دوسرا واقعہ لکی مروت میں پیش آیا جہاں آئی ای ڈی بم کا دھماکہ ہوا جس میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے
ٹانک (ایواین پی‘آئی این پی) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقوں ٹانک اور لکی مروت میں پولیس پر حملوں کے نتیجے میں بکتر بند آئی ای ڈی دھماکے میں تباہ ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 اہل کار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں ٹانک کے علاقے گومل میں پولیس کی اے پی سی بکتر بند گاڑی پر آئی ڈی بم حملہ کیا گیا، یہ دھماکہ ٹانک کے علاقے کوٹ ولی سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس کی بکتربند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہل کار شہید ہوگئے۔بکتر بند گاڑی پر حملے میں شہید ہونے والوں میں اسحاق احمد خان (ایس ایچ او تھانہ گومل)، اے ایس آئی شیر اسلم خان، ڈرائیور عبدالمجید، ارشد علی، حضرت علی اور احسان اللہ ڈرائیورشامل ہیں۔ دوسرا واقعہ لکی مروت میں پیش آیا جہاں تھانہ صدر کی حدود درہ تنگ کے ساتھ آئی ای ڈی بم کا دھماکہ ہوا جس میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او رازق خان سمیت 3 پولیس اہل کار زخمی ہوئے، دھماکہ خیز مواد درہ تنگ پل کے ساتھ رکھا گیا تھا جہاں ڈی پی او لکی مروت چوکیوں کے دورے پر تھے اور اسی راستے سے ڈی پی او نے بھی گزرنا تھا جہاں دھماکہ ہوگیا۔ اورکزئی کے علاقے یخ کنڈا میں امن لشکر پر دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ایس ڈی پی او محبوب خان نے تصدیق کی کہ امن لشکر پر حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔ایس ڈی پی او کا کہنا ہے کہ امن لشکر کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد بھی ہلاک ہوگئے ۔