نوازشریف آج کہیں تو وزیراعظم ایک منٹ میں اسمبلی توڑ دیں گے عرفان صدیقی

جس دن نواز شریف نے کوئی فیصلہ کرلیا تو وہی ہوگا جو وہ کہیں گے‘نوازشریف اس لئے کوئی بیان نہیں دیتے تاکہ شہبازشریف اپنی سوچ سے کام کریں
 ورکنگ ریلیشن اور روز مرہ کے حکومتی معاملات میں وزیراعظم اور وزیراعلی نے ہی فیصلے کرنے ہوتے ہیں جو وہ آزادی سے کرتے ہیں:رہنما ن لیگ

اسلام آباد(آئی این پی )مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی  نے کہاہے  نوازشریف اس لیے کوئی بیان نہیں دیتے تاکہ شہبازشریف اپنی سوچ سے کام کریں۔ ایک انٹرویومیں   انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف آگر آج شہباز شریف کو کہیں کہ حکومت توڑ دو تو وزیر اعظم ایک منٹ میں اسمبلی توڑ دیں گے لیکن نواز شریف اس لیے کوئی بیان نہیں دیتے تاکہ شہباز شریف اپنی سوچ سے کام کریں تاہم جس دن نواز شریف نے کوئی فیصلہ کرلیا تو وہی ہوگا جو نواز شریف کہیں گے۔سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے  ورکنگ ریلیشن اور روز مرہ کے حکومتی معاملات میں وزیراعظم اور وزیراعلی نے ہی فیصلے کرنے ہوتے ہیں جو وہ آزادی سے کرتے ہیں، اسی لیے میڈیا کو شکایت ہوتی ہے کہ نواز شریف بولتے کیوں نہیں ہیں، کیوں بیان کیوں نہیں دیتے، وہ میڈیا میں کیوں نہیں آتے۔ لیگی   رہنما نے کہا کہ نواز شریف اسی  لئے  سامنے نہیں آتے کہ ان کے کسی بیان سے اس نظام میں کوئی رخنہ اندازی نہ ہو اور ورکنگ ریلیشن کے لیے وزیراعظم جس قسم کی سہولت محسوس کرتے ہیں وہ چلتے رہیں، یہ مت سمجھیں کہ نواز شریف  اس نظام سے نالاں ہیں، وہ خفا ہیں، دل گرفتہ ہیں اور اس کے باوجود یہ نظام چل رہا ہے اور ان کی کوئی بات نہیں مانی جاتی یہ سب قیاس آرائیاں ہیں۔