غیر ملکی آقاؤں کی پراکسی بنے لوگوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں آرمی چیف کی اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو دو ٹوک وارننگ
جو لوگ اپنے غیر ملکی آقاؤں کی پراکسی بنے ہوئے ہیں، منافقت کا لبادہ اوڑھے، شکاری کے ساتھ شکار کرنے اور خرگوش کے ساتھ دوڑنے میں مہارت رکھتے ہیں ہم انہیں اچھی طرح پہچانتے ہیں، دورہ بلوچستان کی مزید تفصیلات جاری
راولپنڈی؍ کوئٹہ(آن لائن)ترجمان افواج پاکستان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی دورہ بلوچستان کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کردی گئیں ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دورہ بلوچستان کے دوران پاکستان دشمن عناصر کو واضح ، سخت اورجاندار پیغام دیتے ہوئے دو ٹوک وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے غیر ملکی آقاؤں کی پراکسی بنے ہوئے ہیں، اور منافقت کا لبادہ اوڑھے، شکاری کے ساتھ شکار کرنے اور خرگوش کے ساتھ دوڑنے میں مہارت رکھتے ہیں، ہم انہیں اچھی طرح پہچانتے ہیں ہیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی قابل فخر قوم اور مسلح افواج کی مشترکہ قوت سے ان دوست نما دشمنوں کو ہر صورت شکست دی جائے گی ۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ اپنی مادر وطن اور عوام کے دفاع کے لیے ہم یقینی طور پر ان ملک دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے اور ان دشمنوں کو شکارکریں گے چاہے یہ کہیں بھی چھپے ہوں۔آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔چیف آف آرمی سٹاف نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں صوبائی حکومت کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔