چینی ائیر کارگو کمپنی نے پاکستان میں براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا

چینی ائیر کارگو کمپنی نے پاکستان میں براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا

چین کی معروف ائیر کارگو کمپنی ایس ایف کارگو کی پاکستان میں براہ راست پروازوں کے آغاز کے بعد ملک کے ائیر کارگو ریونیو میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے ترجمان کے مطابق ارومچی-اسلام آباد-ارومچی روٹ پر ایس ایف کارگو کی پروازوں سے مارچ 2025 میں کارگو چارجز 72.3 ملین روپے تک پہنچ گئے، جو کہ اب تک کا سب سے زیادہ ریونیو ہے۔ اس سے قبل نومبر 2021 میں 49 ملین روپے کا ریونیو حاصل ہوا تھا۔ترجمان کے مطابق ایس ایف کارگو ہر پرواز میں اوسطاً 22,775 کلوگرام سامان لے کر آرہی ہے، اور اس وقت یہ سروس ہفتے میں دو مرتبہ فراہم کی جا رہی ہے۔ مستقبل میں کمپنی ان پروازوں کی تعداد بڑھا کر ہفتے میں چار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس سے نہ صرف مزید ریونیو بڑھے گا بلکہ تجارت اور ترسیل کے عمل میں بھی تیزی آئے گی۔