ویب ڈیسک: ایران نے پاکستان کے لیے براہ راست فضائی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ اعلان پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیر عبداللہیان مدثر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران ایئر نے کوئٹہ، زاہدان اور مشہد کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کر دی ہیں، جو تین تاریخی شہروں کو ایک دوسرے سے جوڑیں گی۔ ان کے مطابق یہ پیشرفت نہ صرف بزنس اور سیاحت کو فروغ دے گی بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں اور تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ ان شہروں کے عوام طویل عرصے سے براہ راست فضائی رابطے کے آغاز کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایران ایئر کی یہ نئی پروازیں اس دیرینہ خواہش کو حقیقت میں بدلنے کے ساتھ ساتھ خطے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی جغرافیائی اہمیت اور اقتصادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ بھی فضائی رابطے بڑھانے کا عمل جاری رہے گا، تاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو مزید تقویت دی جا سکے۔