ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں ایک اور نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت تہران اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پروازوں کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے تصدیق کی کہ ایران اور پاکستان کے درمیان فضائی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایران ایئر ٹور ایئرلائن اسلام آباد کے لیے پہلی براہِ راست پرواز کا آغاز کرے گی۔ایرانی سفیر نے اس پیش رفت کو سیاحت، کاروبار اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پرواز دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے تعاون پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔رضا امیری مقدم نے ایران اور پاکستان کے عوام کو براہِ راست پرواز کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تجارتی تعلقات اور عوامی روابط کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، اس پیش رفت سے نہ صرف دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ زائرین اور سیاحوں کے لیے سفری سہولیات بھی بہتر ہو جائیں گی۔ قبل ازیں دونوں ممالک کے درمیان سفر کے لیے مسافروں کو دبئی، دوحہ یا استنبول جیسے شہروں کے ذریعے ٹرانزٹ پروازیں لینا پڑتی تھیں، تاہم اب یہ سفر زیادہ تیز اور سہل ہو جائے گا۔