کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے نجی ایئرلائن "ائیر کراچی" کو ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (RPT) لائسنس جاری کر دیا ہے، جس کے بعد یہ ایئرلائن کمرشل فضائی آپریشن شروع کرنے کی مجاز ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ائیر کراچی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی مقررہ شرائط اور تقاضے مکمل کرنے کے بعد RPT لائسنس حاصل کیا ہے، جو کسی بھی ایئرلائن کے لیے کمرشل بنیادوں پر مسافر یا کارگو سروسز فراہم کرنے کی بنیادی قانونی شرط ہوتی ہے۔سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر کراچی اب جلد ہی اندرون ملک اور بعد ازاں بیرون ملک پروازوں کا آغاز کر سکتی ہے، تاہم فلائٹ آپریشن کے آغاز سے قبل طیاروں کے اندراج، عملے کی تربیت، سیکیورٹی کلیئرنس اور دیگر تقاضے بھی مکمل کیے جائیں گے۔
ائیر کراچی کے حکام کے مطابق ایئرلائن کا مقصد کم کرایوں میں معیاری فضائی سروس فراہم کرنا ہے، اور کمپنی ابتدائی طور پر بڑے شہروں کے درمیان پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان میں کئی نئی نجی ایئرلائنز سامنے آ چکی ہیں، جن میں سے کچھ نے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے جبکہ کچھ عملدرآمد کے مراحل میں ہیں۔ ائیر کراچی کی شمولیت سے مسافروں کے لیے مزید سفری سہولتیں اور مسابقتی کرایے متوقع ہیں۔