گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس 9 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یومِ اقبال کے موقع پر اس فضائی رابطے کی بحالی سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق ساؤتھ ایئر ویز کے تعاون سے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر اس روٹ پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ پشاور سے لاہور کے لیے پہلی پرواز 9 نومبر کو دوپہر تقریباً ایک بجے روانہ ہوگی۔گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ پشاور سے لاہور کا فضائی سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہوگا۔ اس سروس سے لاہور میں مقیم خیبرپختونخوا کے شہریوں، کاروباری افراد اور ملازمین کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پشاور سے کوئٹہ کے لیے براہِ راست فضائی سروس پہلے ہی کامیابی سے جاری ہے، جبکہ پشاور اور لاہور کے درمیان پروازوں کی تعداد میں مستقبل میں اضافہ کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، چترال اور پاراچنار کے لیے بھی براہِ راست فضائی رابطے کے امکانات پر کام جاری ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں کو فضائی سروس کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔