ایران میں آرمی ڈے پر شاندار پریڈ، جدید ڈرونز اور میزائل سسٹمز کی نمائش

ایران میں آرمی ڈے پر شاندار پریڈ، جدید ڈرونز اور میزائل سسٹمز کی نمائش

ایران میں مسلح افواج کے قومی دن کی مناسبت سے تہران میں شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی عسکری طاقت اور جدید دفاعی صلاحیتوں کی جھلک پیش کی گئی۔

پریڈ میں ایران نے جدید ترین ڈرونز اور میزائل سسٹمز کی رونمائی کی، جنہیں مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے۔ تقریب میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت نے شرکت کی۔صدر پزشکیان نے اس موقع پر کہا کہ "قومی سلامتی اور عوام کا سکون ایک مضبوط اور چوکس فوج کی موجودگی سے جُڑا ہوا ہے"۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی فوج نے دفاعی شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے اور ملک کو درکار تمام دفاعی سازوسامان اب خود تیار کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی دلیر اور پیشہ ور فوج نے دشمنوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، اور ملک کو ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت حاصل ہے۔یاد رہے کہ ایران میں ہر سال 18 اپریل کو یومِ مسلح افواج کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔