ایران کا عراق میں کرد ٹھکانوں پر حملہ، میزائل اور ڈرونز داغ دیے گئے

ایران کا عراق میں کرد ٹھکانوں پر حملہ، میزائل اور ڈرونز داغ دیے گئے

اربیل: ایران نے عراق کے نیم خودمختار کرد علاقے کے دارالحکومت اربیل کے اطراف میں کرد پوزیشنز کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایرانی فورسز نے اربیل میں موجود کرد ٹھکانوں کی جانب میزائل اور ڈرونز داغے، جس کے نتیجے میں علاقے میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ایرانی حملوں کے بعد اربیل صوبے میں چار ڈرونز گر کر تباہ ہوگئے، تاہم ابتدائی اطلاعات میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ڈرونز کس فریق کے تھے اور انہیں کس طرح نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی حملوں کا ہدف عراق کے کرد علاقے میں موجود کرد پوزیشنز تھے، مگر حملے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کے بارے میں فوری تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔اربیل اور اس کے اطراف کا علاقہ پہلے بھی ایران اور کرد مسلح گروہوں کے درمیان کشیدگی کا مرکز رہا ہے، جہاں ایران ماضی میں ایرانی کرد گروہوں کے ٹھکانوں کو اپنی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتا رہا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب مشرق وسطیٰ میں فوجی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، اور عراق بھی اس صورتحال سے متاثر ہے، جہاں مختلف مسلح گروہ اور غیرملکی افواج موجود ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اربیل میں ایرانی حملوں سے عراق کے کرد علاقے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوسکتا ہے، اور اگر یہ کارروائیاں جاری رہیں تو اس کا اثر عراق کی داخلی صورتحال اور ایران، امریکا و دیگر علاقائی طاقتوں کے تعلقات پر بھی پڑ سکتا ہے۔تاحال حملوں سے ہونے والے نقصان، ہلاکتوں یا زخمیوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔