ایران نے جنگ کے دوران تباہ ہونے والے امریکی جنگی طیارے اور ڈرونز کی باقیات نمائش کے لیے پیش کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے منعقدہ نمائش میں ایک امریکی ایف-15 ای اسٹرائیک ایگل سمیت امریکی اور اسرائیلی فضائی اثاثوں کی باقیات رکھی گئی ہیں۔نمائش میں امریکی ایف-15 ای کے پائلٹ کی ایجیکشن سیٹ، طیارے کی کنوپی کا حصہ، دم کا ایک حصہ اور دیگر ملبہ شامل ہے۔اس کے علاوہ ایم کیو-1 پریڈیٹر اور ایم کیو-9 ریپر ڈرونز کی باقیات بھی نمائش کا حصہ بنائی گئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ نمائش پاسدارانِ انقلاب کی ایک زیرِ زمین تنصیب میں منعقد کی گئی، جہاں ان باقیات کو ایران کی فضائی دفاعی صلاحیت اور جنگ کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کی علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ایران کے لیے یہ نمائش محض جنگی ملبے کی نمائش تک محدود نہیں بلکہ اسے امریکی فضائی طاقت کے مقابل اپنی دفاعی صلاحیت اور مبینہ کامیابیوں کے علامتی اظہار کے طور پر بھی پیش کیا جا رہا ہے۔