وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یکم مئی کو پنجاب میں راشن کارڈز کی تقسیم کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ساڑھے 12 لاکھ افراد میں راشن کارڈز تقسیم کرے گی، جس سے غریب طبقے کو کچن کے اخراجات کی مد میں مدد ملے گی۔مریم نواز نے خصوصی افراد کو سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے پورٹل پر خود کو رجسٹر کروانے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خصوصی افراد کے اہل خانہ کے دکھ کو سمجھتی ہیں اور ریاست ان افراد کی مشکلات کا خیال رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کمزور طبقے کی آواز سنتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی، جنہوں نے اس منصوبے کو حقیقت میں تبدیل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت 2 ہزار بچیوں کی شادیوں کا انتظام کیا گیا، جس سے ریاست نے خصوصی افراد کی مدد کی۔
مریم نواز نے کہا کہ اقتدار کا رخ بدل چکا ہے اور اب حکومت خود عوام کے دروازے تک پہنچ کر ان کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعلیٰ کا کام دفتر میں بیٹھ کر حکمرانی کرنا نہیں، بلکہ عوام کے درمیان جا کر ان کی مشکلات حل کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 30 لاکھ افراد کو ان کے دروازے تک پہنچ کر ان کا حق دیا گیا، اور جن افراد کے پاس پلاٹ نہیں ہیں، انہیں 3 مرلہ کے پلاٹ فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، "اپنا گھر" اسکیم کے تحت 30 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر بھی مکمل کی جا چکی ہے۔مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت غریبوں اور ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔