خوارجی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن: محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا

خوارجی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن: محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سوات میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

 انہوں نے 4 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے انتہائی بہادری سے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے دشمنوں کو عبرتناک انجام سے دوچار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، اور قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز پرعزم اور ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کو کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی، اور مٹھی بھر خوارجی عناصر کو پوری قوت سے کچلا جائے گا۔واضح رہے کہ سوات میں حالیہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا، جو مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔