سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے دوران ایک خوارجی دہشت گرد کو ہلاک کردیا ہے، جب کہ اس کے دیگر ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
اس کارروائی کا مقصد باجوڑ کے علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے۔فورسز نے شاہی تنگی جنگل میں موجود خوارجی دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سرنگوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فورسز نے شاہی تنگی کے جنگل میں ایک غار پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں خوارجی دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا، جبکہ دیگر زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
آپریشن کے دوران، فورسز نے علاقے میں موجود سرنگوں اور قریبی مقامات کو بھی کلیئر کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔اس ضمن میں سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ یہ آپریشن دہشتگردوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے تاکہ امن و امان قائم رکھا جا سکے۔