تھرڈ کلاس سیاسی سٹنٹس سے میڈیا میں آنے کی کوشش کی جا رہی ہے: عظمیٰ بخاری

تھرڈ کلاس سیاسی سٹنٹس سے میڈیا میں آنے کی کوشش کی جا رہی ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور (ویب ڈیسک):پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ملاقاتیوں کی فہرست خود ان کی جماعت جیل حکام کو فراہم کرتی ہے، پنجاب حکومت کا کسی کو روکنے یا اجازت دینے سے کوئی تعلق نہیں۔

اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت نے کسی فرد کو ملاقات سے نہیں روکا۔ انہوں نے بتایا کہ جیل قوانین کے مطابق قیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقاتیں جمعرات کو ہوتی ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کو خصوصی رعایت دیتے ہوئے ہفتے میں دو دن، جمعرات اور منگل کو ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔

"اپنی لڑائیاں حکومت پر نہ ڈالیں"
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ "اپنی جماعت کی آپس کی لڑائیاں حکومت پر نہ ڈالی جائیں۔" انہوں نے الزام لگایا کہ علیمہ خان سے ان کے بھائی کی جماعت کے ارکان کو اختلاف ہے، اور یہی لوگ ایک دوسرے کے نام ملاقاتی فہرست سے نکال کر پھر الزام پنجاب حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔

فوٹو سیشن اور سیاسی سٹنٹس پر تنقید
وزیر اطلاعات نے بانی پی ٹی آئی کے حامیوں کے رویے پر طنز کرتے ہوئے کہا:
"ہفتہ وار فرمائشی گرفتاریاں اور فوٹو سیشن اڈیالہ جیل کے باہر کرنے کے بجائے کہیں اور کرلیا کریں۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ "یہ لوگ خود ہی پولیس وین میں بیٹھتے ہیں اور خود ہی اگلے چوک پر اتر جاتے ہیں۔"
عظمیٰ بخاری نے ان اقدامات کو "تھرڈ کلاس سیاسی سٹنٹ" قرار دیا۔