پی ٹی آئی میں سینیٹ ٹکٹوں کی بولیاں لگ رہی ہیں، پارٹی نظریات ہار گئے: عظمیٰ بخاری

پی ٹی آئی میں سینیٹ ٹکٹوں کی بولیاں لگ رہی ہیں، پارٹی نظریات ہار گئے: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم میں بولیاں لگ رہی ہیں، نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کر کے دولت کو ترجیح دی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سینیٹ کے ٹکٹوں کی خرید و فروخت نے تحریک انصاف کی اندرونی سیاست کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کے مطابق، پارٹی ورکرز ہار گئے جبکہ نوٹوں کی چمک جیت گئی۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ "تحریک انصاف جو ماضی میں ہارس ٹریڈنگ کی سب سے بڑی مخالف رہی، آج اسی عمل کی سب سے بڑی حامی بن چکی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اپنی ہی قیادت کے خلاف الزامات لگا کر سب کچھ سامنے لا دیا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے بانی بھی سینیٹ ٹکٹوں کی بولیوں اور لین دین سے مکمل طور پر باخبر ہیں، اور ان کے علم میں یہ سب کچھ ہونے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہاں کے نوجوانوں نے اب سمجھ لیا ہے کہ تحریک انصاف نے انہیں صرف دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں میں استعمال کیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے نظریاتی کارکنوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن افراد کے لیے یہ ایک کٹھن وقت ہے جو سالوں سے پارٹی سے وفاداری نبھا رہے تھے لیکن اب اقتدار اور پیسے کی سیاست نے ان کی قربانیوں کو نظرانداز کر دیا ہے۔