عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کو لاہور آنے کی دعوت دی: "دیکھیں پنجاب میں کیا ہو رہا ہے"

عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کو لاہور آنے کی دعوت دی:

لاہور میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئیں اور پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی اور فلاحی کام دیکھیں تاکہ وہ سیکھ سکیں۔

عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا کہ سندھ کی درخواستوں اور مشوروں پر اعتراض نہیں، لیکن ان میں حکمت ہونی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے 2024ء میں کسانوں کو 55 ارب روپے کا ریلیف دیا، جبکہ 2025ء میں یہ ریلیف 98 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ زراعت کے بجٹ میں 129.8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور کسان کارڈ کے ذریعے 60 ارب سے زائد کی خریداری ہو چکی ہے۔ مریم نواز نے گزشتہ سال 9,500 ٹریکٹر دیے اور اس سال بھی اتنے ہی دینے کا پروگرام ہے، جبکہ گندم پر کاشتکاروں کو 14 ارب روپے کی سپورٹ فراہم کی گئی۔عظمیٰ بخاری نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گندم کی پیداوار 22.05 ملین میٹرک ٹن ہے جبکہ سندھ میں صرف 3.54 ملین ٹن ہے۔ پنجاب میں 6.63 ملین ٹن سرپلس ہے جبکہ سندھ کو 3.19 ملین ٹن کمی کا سامنا ہے، اس لیے سندھ کو دیگر علاقوں سے سپلائی درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سیلاب متاثرین کے لیے کچھ نہیں کر سکتے، وہ غیر ضروری زبان درازی نہ کریں اور عملی کام کرنے والوں کو کام کرنے دیں۔ عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کی مثال قائم کر رہی ہیں اور مخالفین صرف پوائنٹ اسکورنگ کے لیے خبریں بناتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے اور وہ پنجاب اور سیلاب متاثرین کی بہتر خدمت کو یقینی بنا رہی ہیں۔ سیلاب کے نام پر سیاست کرنے والے غیر ضروری سیاسی دکانیں بند کریں اور حقیقی کام کرنے والوں کو موقع دیا جائے۔