مراد علی شاہ کا اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم

مراد علی شاہ کا اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے نئی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ نابالغ ڈرائیورز کو سڑکوں پر ہرگز نہ آنے دیا جائے اور اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی تیز کی گئی ہے۔ ایک اجلاس کے دوران، ٹریفک پولیس کی 9 اپریل سے 18 اپریل تک کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 15 ہزار 217 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں، جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشے رکھنے والی 1 ہزار 124 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔مزید برآں، 274 ڈمپرز اور ٹینکرز کو اوور اسپیڈنگ اور خراب فٹنس کی بنا پر ضبط کیا گیا، جبکہ 25 گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پر ان کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گاڑیوں میں اضافی لائٹس اور غیر ضروری آوازوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔اس کے علاوہ، وزیرِ اعلیٰ سندھ نے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی تاکہ ٹریفک قوانین کا شعور عوام میں بڑھایا جا سکے۔