سندھ حکومت نے بارشوں کے بعد نکاسیٔ آب کے فوری اقدامات کی ہدایت دے دی: وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ

سندھ حکومت نے بارشوں کے بعد نکاسیٔ آب کے فوری اقدامات کی ہدایت دے دی: وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کمشنر کراچی حسن نقوی نے شہر میں بارشوں اور نکاسیٔ آب کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کے تمام کام بر وقت مکمل کیے جائیں اور شہریوں کو مشکلات سے نجات دلانا اولین ترجیح ہو۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ نکاسی کے دوران ٹریفک رواں رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ مکمل رابطے میں رہیں، تمام ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں رہ کر نگرانی کریں، اور اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور ایمرجنسی راستوں سے پانی نکالنے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نالوں اور برساتی راستوں کی فوری صفائی کی جائے اور کسی بھی علاقے میں لاپروائی برداشت نہ کی جائے۔ عوام کو سہولت پہنچانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

کمشنر کراچی نے وزیرِ اعلیٰ کو بریفنگ دی کہ شہر کے 5 اہم انڈر پاسز ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں اور مرکزی و مصروف سڑکوں سے پانی نکال دیا گیا ہے، ٹریفک رواں دواں ہے۔ قیوم آباد، مہران ہائی وے، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ایم ٹی خان روڈ، کشمیری محلہ اور کورنگی کراسنگ روڈ سے بھی پانی کی نکاسی مکمل کر لی گئی ہے۔کمشنر نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ادارے دن رات نکاسی کے کام میں مصروف ہیں تاکہ شہری مشکلات سے نجات حاصل کر سکیں۔