کراچی: آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملک کے سب سے بڑے اسپورٹس ایونٹ، نیشنل گیمز کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیمز کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔یاد رہے کہ نیشنل گیمز کا انعقاد یکم مئی سے 9 مئی تک کراچی میں ہونا تھا، جس کے لیے ملک بھر سے کھلاڑیوں کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں۔ پنجاب کی ٹیموں کے تربیتی کیمپس ان دنوں میں جاری تھے تاکہ کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔سندھ کو 18 سال بعد نیشنل گیمز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا تھا، اور یہ ایک اہم موقع تھا کہ کراچی ایک بار پھر قومی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنتا۔ افتتاحی اور اختتامی تقاریب عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہونا تھیں۔
نیشنل گیمز میں مجموعی طور پر 34 کھیل شامل کیے گئے تھے جن میں اولمپک سطح کے کھیلوں کے ساتھ ساتھ روایتی کھیل بھی شامل تھے۔ اس میگا ایونٹ میں ملک بھر سے دس ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کی شرکت متوقع تھی۔کھیلوں کے شائقین اور کھلاڑی اب نئی تاریخوں کے اعلان کے منتظر ہیں، جبکہ منتظمین کا کہنا ہے کہ ملتوی ہونے والے گیمز کو جلد از جلد دوبارہ شیڈول کر کے بہترین انداز میں منعقد کیا جائے گا۔