وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 35 ویں نیشنل گیمز 6 سے 13 دسمبر 2025 تک کراچی میں منعقد کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت پی او اے کے صدر عارف سعید نے کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکریٹری اسپورٹس سندھ عبدالعلیم لاشاری بھی موجود تھے۔ملاقات میں نیشنل گیمز 2025 کے شیڈول اور اس کی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری اسپورٹس سندھ عبدالعلیم لاشاری نے گیمز کی تیاریوں اور لاجسٹک منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نیشنل گیمز کے کراچی میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفد کو گیمز کی کامیابی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی موجودگی میں نیشنل گیمز کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوان کھلاڑیوں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ سندھ نے نئے سوئمنگ پول کی تعمیر اور جدید الیکٹرانک ٹائمنگ و اسکورنگ سسٹمز کی خریداری کا بھی اعلان کیا۔ پی او اے کے صدر عارف سعید نے وزیراعلیٰ سندھ کی حمایت کو سراہا اور انہیں نیشنل گیمز کے آغاز کے بارے میں آگاہ کیا، جس سے اس کھیل کی ترقی میں سندھ حکومت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔