ملکی معیشت کو ڈیجیٹائیز کرنے کا فیصلہ اجتماعی کاوشوں سے ترقی و خوشحالی کے سفر پر چل پڑے ہیں: شہبازشریف
معیشت کو مکمل ڈیجیٹائیز کرنے کیلئے متعلقہ وزارتوں اوراداروں کو ٹاسک سونپ دیا‘ملکی معیشت کی بہتری اور غیر رسمی مساوی معیشت کا خاتمہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کا کلیدی جزو ہے:اجلاس میں گفتگو
برطانیہ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں اور دیگر شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں: وزیراعظم‘ برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری لارڈ واجد سے ملاقات
اسلا م آباد (آئی این پی )حکومت نے ملکی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیرِ اعظم شہبازشریف نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری اور غیر رسمی مساوی معیشت کا خاتمہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کا کلیدی جزو ہے۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن پر جائزہ اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حال ہی میں وزیرِ اعظم کی ہدایت پر رمضان پیکیج کو مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے لوگوں تک پہنچایا گیا، اجلاس کو معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن کیلئے جاری اقدامات اور مستقبل کے اقدامات اور تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں آئی سی ٹی ایپلی کیشن کا اجرا کیا گیا ہے جس میں 150 سے زائد حکومتی خدمات میسر ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ راست گیٹ وے کے ذریعے ادائیگیوں کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جب کہ حکومت اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر اس کا روزمرہ کی ٹرانزیکشنز میں استعمال بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کر رہی ہے‘دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں اللہ تعالی نے معیشت کو استحکام بخشا ہے، ہم ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل پڑے ہیں ، اجتماعی کوششوں سے معیشت مستحکم ہوگئی،پاکستان کی ریٹنگ بہتر، عالمی ایجنسی نے بھی آئوٹ لک کو مستحکم قرار دے دیا، ترقی کے سفر میں سرخرو ہوں گے ۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم نے اسلام آباد میں جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں توسیع و تزین کے وسیع و عریض منصوبے جاری ہیں، ٹریفک کے بہا ئو میں بہتری آچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے یہ منصوبہ 60 دن کے بجائے 35 دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، مجھے ان کی بات پر پورا یقین ہے کہ ماضی میں اس قسم کے اعلانات کو انہوں نے عملی جامہ پہنایا ہے، یہ شہباز سپیڈ ہے اور نہ محسن نقوی سپیڈ ہے بلکہ یہ پاکستان سپیڈ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد خوبصورتی کا گہوارہ بنے گا، اجتماعی کاوشوں سے معیشت میں استحکام آیا، اجتماعی کاوشوں سے پاکستان کا نام بلند ہوگا، بہترین کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی میں بہتری آئی، بلوچستان کے عوام کو تحفہ دیا ہے، بلوچستان کا ٹریک 2 ہزار کے قریب جانیں نگل چکا ہے، بلوچستان کے خونی ٹریک کو ہائی وے بنانے جا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نے سب کی اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت کو مستحکم کردیا ہے اور ملک اب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر چل پڑا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سب کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ سامنے ہے کہ نہ صرف پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہو گئی ہے بلکہ عالمی ایجنسی فچ کی جانب سے بھی پاکستان کے آئوٹ لک کو مستحکم قرار دیا گیا ہے۔ یہ سب بہتری ٹیم ورک اور مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب، کمیونٹیز اور آبادکاری لارڈ واجد خان نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے لارڈ واجد خان کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا، کنگ چارلس سوم کے ساتھ ساتھ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔