دھماکہ خیز مواد افغانستان سے اندرون بلوچستان اور پھر کراچی لایا گیا، دہشت گردوں نے کراچی سے 35 سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر مکان کرائے پر لے رکھا تھا

کراچی  بڑی تباہی سے بچ گیا  2ہزار کلو بارودی مواد برآمد‘3دہشت گرد گرفتار
 باروی مواد رئیس گوٹھ میں  چھپایا گیا  تھا، ایک ٹرک، 30 سے زائد بڑے ڈرم اور 5 سلنڈر قبضے میں لے لئے گئے‘ پلاسٹک کے ڈرموںمیں  کمرشل ایکسپلوسیو اور مکس بارودی مواد موجود تھا، یہ مواد بالکل تیار تھا
 اس  منصوبے کے پیچھے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں کا ہاتھ ہے، یہ منصوبہ بیرون ملک بنایا گیا جن کے سہولت کاروں اور ہینڈلرز کی نشاندہی ہوگئی ہے:ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی پریس کانفرنس
کراچی (آئی این پی )کراچی میں سیکیورٹی اداروں نے  بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا  دیا اور دوہزار کلوگرام سے زائد تیار بارودی مواد قبضے میں لے کر تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، ۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے کراچی میں  مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے کراچی کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار کلوگرام سے زائد بارودی مواد قبضے میں لیکر ایک دہشت گرد کو موقع سے گرفتارکرلیا اور بعد ازاں گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر کراچی میں چھ مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جہاں سے مزید دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد افغانستان سے اندرون بلوچستان اور پھر کراچی لایا گیا، دہشت گردوں نے کراچی سے 35 سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر مکان کرائے پر لے رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کے دوران 30 سے زائد پلاسٹک ڈرمز میں بارودی مواد اور پانچ دھاتی گیس سلنڈرز برآمد کئے گئے۔انہوں نے بارودی مواد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا  پلاسٹک کے ڈرمز میں موجود کمرشل ایکسپلوسیو اور مکس بارودی مواد شامل ہے، یہ مواد بالکل تیار تھا۔ دہشت گردوں نے رئیس گوٹھ میں بارودی مواد چھپایا تھا ۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ اس دہشت گردی کے منصوبے کے پیچھے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)  کے دہشت گردوں کا ہاتھ ہے، یہ منصوبہ بیرون ملک بنایا گیا جن کے سہولت کاروں اور ہینڈلرز کی نشاندہی ہوگئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ کارروائی رات کو کی اس لیے ماہرین کی رائے اور مختلف اداروں کی تصدیقی رپورٹس آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی