دانش یونیورسٹی ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 24 اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا، وزیراعظم کو بریفنگ

دانش یونیورسٹی ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 24 اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا، وزیراعظم کو بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے قیام اور پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی کی تعمیر، داخلوں، ورچوئل اسکول اور تعلیمی پروگرامز سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کے ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو ملک کے 40 سے زائد شہروں میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ یونیورسٹی میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 سے ہوگا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ملک کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت دانش یونیورسٹی ملک اور خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی۔ یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔اجلاس کو دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف فیکلٹی آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔ ورچوئل اسکول میں منتخب ہونے والے طلبہ کے لیے پانچ ماہ کی 100 فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔بریفنگ کے مطابق دانش یونیورسٹی کی ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 24 اکتوبر 2026 کو ملک کے 40 سے زائد شہروں میں منعقد ہوگا، جس کے ذریعے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی عمارت 2027 تک مکمل ہوجائے گی اور باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 سے کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس جبکہ ٹیکنالوجی اور سماجیات سے متعلق جدید تعلیمی پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔

طلبہ کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم کے آغاز سے قبل ضروری تیاری اور معاونت فراہم کرنے کے لیے برج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ یہ پروگرام 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز دانش یونیورسٹی عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔