وزیراعظم کا دانش یونیورسٹی کو عالمی معیار کی ٹیکنیکل اینڈ اپلائیڈ یونیورسٹی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم کا دانش یونیورسٹی کو عالمی معیار کی ٹیکنیکل اینڈ اپلائیڈ یونیورسٹی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے دانش یونیورسٹی کو عالمی معیار کی ٹیکنیکل اور اپلائیڈ یونیورسٹی بنانے کی ہدایت دی۔

 اجلاس میں وزیراعظم نے یونیورسٹی کو ایک ایسی ادارہ بنانے کی خواہش ظاہر کی جہاں مستحق اور لائق طلباء کو اعلیٰ درجے کی تحقیق پر مبنی تعلیم دی جائے گی۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے لیے اسلام آباد میں زمین کے حصول کے قانونی تقاضے جلد مکمل کیے جائیں اور یونیورسٹی کے چارٹر اور دیگر قانونی معاملات پر جلد کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ یونیورسٹی کی عمارت میں سادگی کو ترجیح دی جائے اور عمارت کی تعمیر میں سرخ اینٹوں کا استعمال کیا جائے تاکہ لاگت کم سے کم ہو۔انہوں نے یونیورسٹی کی عمارت کے لیے کوئی غیر ضروری اخراجات نہ کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ مالی وسائل کا درست استعمال کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ اور فیکلٹی کو بھرتی کیا جائے گا، اور یہ یونیورسٹی جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق سے آراستہ ہو گی تاکہ طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی کا نصاب جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ وزیراعظم نے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دینے اور بورڈ آف ٹرسٹیز کی نامزدگیوں کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو دانش یونیورسٹی اور اسکولز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کے پیٹرن وزیراعظم پاکستان ہوں گے اور یونیورسٹی کی رجسٹریشن سیکشن 42 کمپنی کے طور پر کی جائے گی۔ یونیورسٹی کے لیے سیکٹر ایچ 16 میں زمین کا انتخاب کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ، دانش یونیورسٹی کے امور دانش ٹرسٹ کے زیر تحت ہوں گے تاکہ ادارہ اپنے مالی امور میں خود مختار ہو اور حکومتی عمل دخل کم سے کم ہو۔ وزیر اعظم نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ شگر، گلگت اور باغ میں جلد ہی دانش اسکولز کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، اور آزاد جموں و کشمیر کے نیلم ویلی اور کراچی کے پسماندہ علاقوں میں بھی دانش اسکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اس اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔