دانش یونیورسٹی کا نظام روایتی جامعات سے مختلف اور بہترین ہونا چاہیے: وزیراعظم شہباز شریف

دانش یونیورسٹی کا نظام روایتی جامعات سے مختلف اور بہترین ہونا چاہیے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت دانش یونیورسٹی کے قیام اور منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی کی تعمیر، تعلیمی نظام، فیکلٹی اور طلبہ تک رسائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ذہین طلبہ و طالبات کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش یونیورسٹی کے قیام کے دوران اس بات کو خصوصی اہمیت دی جائے کہ اس کا تعلیمی اور انتظامی نظام روایتی جامعات سے مختلف اور اعلیٰ معیار کا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کے بنیادی مقاصد میں غریب اور متوسط طبقے کے باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا سرفہرست ہے۔شہباز شریف نے یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے مطابق منصوبے کی تمام تفصیلات آئندہ دو ہفتوں کے اندر مرتب کرکے پیش کی جائیں، تاکہ منصوبے پر بروقت پیش رفت یقینی بنائی جاسکے۔وزیراعظم نے یونیورسٹی کے آؤٹ ریچ پروگرام پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کے بچوں تک دانش یونیورسٹی کے تعلیمی مواقع کی آگاہی اور رسائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے فوائد صرف محدود طبقے تک نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ملک بھر کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو اس منصوبے سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملنا چاہیے۔

عالمی معیار کی فیکلٹی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں دانش یونیورسٹی کے بورڈ کی جانب سے بین الاقوامی معیار کی فیکلٹی، یونیورسٹی کی تعمیر کے پلان اور مختلف مراحل کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں بین الاقوامی جامعات سے ڈگری یافتہ اور عالمی شہرت کی حامل فیکلٹی کی تدریسی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے فیکلٹی کے علاوہ امریکا کے ایک معروف کالج کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بھی اقدامات حتمی مراحل میں ہیں۔حکام نے وزیراعظم کو مجوزہ فیکلٹی کی تفصیلات اور امریکی کالج کے ساتھ تدریسی نظام کے حوالے سے ہونے والے حالیہ مذاکرات پر بھی بریفنگ دی۔

اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس تعمیر کرنے کا منصوبہ
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کا کیمپس بین الاقوامی سطح پر رائج جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس ڈیزائن کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے جلد بولی کا عمل شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم کو دانش یونیورسٹی کا مجوزہ ڈیزائن اور تفصیلی پلان بھی پیش کیا گیا، جبکہ تعمیراتی منصوبے کے مختلف مراحل سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے منصوبے میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دانش یونیورسٹی کو ایسا مثالی تعلیمی ادارہ بنایا جائے جہاں مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کے تعلیمی مواقع میسر آسکیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، دانش یونیورسٹی کے بورڈ کے ارکان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔