سموگ، ماحولیاتی آلودگی 3 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان،مقدمات

 لاہور(کرائم رپورٹر)صوبہ بھر میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے ٹریفک پولیس کی کارروائیاں تیز کر دی گئیں ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیوں کے احکامات جاری کر دیے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 3 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ دھواں چھوڑنے پر 9 سے زائد گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور 6 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹس معطل کیے گئے۔ترجمان کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 14 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 1800 سے زائد گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ رواں ماہ بغیر ترپال ریت اور مٹی لے جانے والی 1100 سے زائد ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھاری جرمانے بھی کیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت مینٹیننس یقینی بنائیں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے گریز کریں۔ انہوں نے تمام ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب کو سموگ فری بنانے کیلئے متحرک ہو کر کام کریں اور حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی ٹیمیں مؤثر انداز میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔ گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں مختلف بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنتا ہے، اس لیے ماحول کے تحفظ کیلئے گاڑیوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں کا خاتمہ ضروری ہے۔