سموگ کے خلاف کارروائیاں، 67 ہزار سے زائد چالان

ٹریفک پولیس نے ترپال کے بغیر چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف 2 ہزار 166 چالان کیے، جس میں 90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ٹریفک پولیس نے سموگ کے تدارک کے لیے جاری خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 67 ہزار 914 چالان جاری کر دیے، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ماہ اگست اور ستمبر کی اوسط کے مقابلے میں سموگ تدارک کارروائیوں میں 39 فیصد اضافہ ہوا۔ فٹنس سرٹیفکیٹ کی خلاف ورزی پر 7 ہزار 272 چالان کیے گئے، جو گزشتہ کارروائیوں کے مقابلے میں 73 فیصد زیادہ ہیں۔ٹریفک پولیس نے ترپال کے بغیر چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف 2 ہزار 166 چالان کیے، جس میں 90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 3 ہزار 993 چالان جاری کیے گئے، جو 209 فیصد اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔اسی طرح اوور لوڈنگ اور اوور ڈائمینشن گاڑیوں کے خلاف 54 ہزار 483 چالان کیے گئے، جن میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چاروں بڑی خلاف ورزیوں کے خلاف رواں سال کی بلند ترین سطح کی انفورسمنٹ کارروائیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے ترپال کے بغیر 3 ہزار 46 گاڑیوں کو واپس بھجوایا گیا، جبکہ سنگین ٹریفک اور سیفٹی خلاف ورزیوں پر ایک ہزار 545 کمرشل گاڑیاں بند کر دی گئیں۔ٹریفک پولیس نے پانی کا چھڑکاؤ نہ کرنے پر 18 تعمیراتی مقامات پر کام بھی رکوایا، جبکہ عملدرآمد یقینی بنانے کے بعد دوبارہ کام کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ کمرشل گاڑیوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی چیکنگ میں 28 فیصد اضافہ کیا گیا اور رات کے وقت بہتر شناخت کے لیے 2 ہزار 357 ریفلیکٹو اسٹیکرز بھی گاڑیوں پر چسپاں کیے گئے