چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت ملکی معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد رکھتی ہے‘زراعت میں پراسیسنگ کے شعبوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا درجہ دیا جائے
سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن خدمت میں کوئی کوتاہی نہ کرے ‘عا زمین حج اللہ تعالی کے مہمان ہیں ، انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں‘مون سون کیلئے پیشگی تیاری کی جائے:اجلاس میں ہدایات
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کمرشل بینکوں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان قرض کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں اورہدایت کی ہے زراعت میں پراسیسنگ کے شعبوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا درجہ دیا جائے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کی ترقی کی کیلئے حکومتی اقدامات پر جائزہ اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، سمیڈا کی جانب سے وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد پع پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت ملکی معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد رکھتی ہے۔خوش آئند ہے کہ ہارون اختر اور انکی سمیڈا کی ٹیم چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان قرض کی فراہمی، ڈیجیٹل فنانسنگ، رسمی معیشت میں شمولیت اور برآمدی منڈیوں تک رسائی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔سمیڈا اور وزارت صنعت کی جانب سے تیار کردہ روڈ میپ اطمینان بخش ہے، معینہ مدت میں قابل حصول اہداف کے ساتھ اطلاق کا لائحہ عمل پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کمرشل بینکوں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان قرض کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے الگ الگ ملاقات کی ہے ۔وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے وزیر اعظم کو رواں سال کے جاری حج آپریشن کے انتظامات پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر عظم نے کہا عازمین حج اللہ تعالی کے مہمان ہیں، انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔ عازمین حج کو پاکستانی ایئرپورٹس پر بھی تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ملاقات کی جس وزیراعظم کو رواں برس مون سون کے حوالے سے تیاری پر بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف کو پہاڑی علاقوں میں گلاف اور فلیش فلڈز کے پیشگی اطلاع کے نظام کی تنصیب پر پیشرفت اور اس کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رواں برس مون سون کیلئے پیشگی تیاری کی جائے، پیشگی اطلاع نظام کو مزید فعال بنا کر خطرات سے دوچار علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔