اسلام آباد: پاکستان اور فلسطین کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ

اسلام آباد: پاکستان اور فلسطین کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ

اسلام آباد میں پاکستان اور فلسطین کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

اس مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال جبکہ فلسطین کی جانب سے پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت حامد یعقوب، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بھی موجود تھے۔

پاکستان-فلسطین ہیلتھ ورکنگ گروپ کا قیام
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے آئندہ 30 روز کے اندر ’’پاکستان-فلسطین ہیلتھ ورکنگ گروپ‘‘ قائم کیا جائے گا، جو اس تعاون کو عملی شکل دینے میں رہنمائی فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک جدید طبی شعبہ جات میں استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دیں گے۔

تعاون کے شعبے
معاہدے کے مطابق پاکستان اور فلسطین درج ذیل شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے:

انٹروینشنل کارڈیالوجی
آرگن ٹرانسپلانٹ
آرتھوپیڈک سرجری
اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ
برن اینڈ پلاسٹک سرجری
متعدی امراض
آنکھوں کے امراض
دواسازی
مزید برآں، دونوں ممالک صحت عامہ کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ تحقیق اور ریسرچ کے مواقع بھی تلاش کریں گے۔

برادرانہ تعلقات اور عوامی فلاح
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پاکستانی عوام کے دل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ان کی فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔"فلسطین کے سفیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور پاکستان کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک اپنے عوام کی صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔