پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان قانونی اور ریگولیٹری تعاون کے لیے باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہانگ کانگ میں منعقدہ بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کے دوران کیے گئے، جہاں پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری قانون راجہ نعیم اکبر اور ہانگ کانگ کی سیکریٹری انصاف نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس معاہدے کے تحت دونوں فریقین نے قانونی امور میں تعاون اور صلاحیت سازی پر اتفاق کیا ہے۔ معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ ہانگ کانگ پاکستان کو ثالثی اور متبادل تنازعات کے حل (ADR) کے شعبے میں تربیت فراہم کرے گا، تاکہ قانونی تنازعات کو مؤثر اور غیر روایتی طریقوں سے حل کرنے کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔مزید برآں، معاہدے میں ڈیجیٹل گورننس اور ورچوئل اثاثوں (خصوصاً کرپٹو کرنسیز) کی ریگولیشن میں تعاون شامل ہے، جو موجودہ ڈیجیٹل دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں دونوں ممالک کے لیے معاون ثابت ہوگا۔