اسلام آباد: پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پولش سفیر کی وزارت تجارت میں ملاقات ہوئی، جس میں توانائی، کان کنی اور زراعت کے شعبوں پر بات چیت کی گئی۔پولش کمپنی اورلین پاکستان میں 26 سال سے سرگرم ہے اور آئندہ 10 برس میں سرمایہ کاری دگنی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔پاکستان نے پولینڈ کو گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کولڈ اسٹوریج قائم کرنے کی دعوت دی، تاکہ دونوں ممالک کے وسائل اور مہارت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔اگلے پانچ برس میں پاکستان معدنیات اور کان کنی پر توجہ دے گا، جبکہ پولینڈ کاپر اور لیگنائیٹ میں سرمایہ کاری کرے گا۔
ملاقات میں اسلام آباد کی ایک سڑک پولش ایئر کموڈور تُروفچ کے نام رکھنے کی تجویز بھی دی گئی۔دونوں ممالک نے عوامی رابطوں کو بڑھانے اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں و معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر زور دیا۔